اعجاز احمد بٹ (بحثیت افسانہ نگار)
سرگودھا کی سرزمین ادبی حوالے سے بہت زرخیز بھی ہے ۔ اس نے علم و ادب کی آبیاری میں ہمیشہ ایک قدم آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کیا ہے اور ادبی روایت کو قائم رکھا ہے ۔ذوالفقار احسن دبستان سرگودھا کی ادبی تٹلیٹ کا ایک اہم نام ہے ۔انہوں نے سرگودھا میں ڈاکٹر وزیر آغا کی ادبی تحریک کے جلو میں آنکھ کھولی اور اپنے تخلیقی سفر کا آغاز کیا ۔انہیں وزیر آغا کی ادبی محفلوں' مذاکروں اور مشاعروں سے مستفید ہونے اور اپنے تخلیقی ذوق کو ابھارنے کے بھرپور مواقع میسر آئے ۔ڈاکٹر وزیر آغا کی ارادت میں شائع ہونے والے موقر ادبی جریدے "اوراق" نے ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو مزیدابھارنے اور جلا بخشے میں اہم کردار ادا کیا ۔انہوں نے شاعر ' نقاد محقق اور براڈکاسٹر کی حیثیت سے ادبی حلقوں میں اپنی شناخت قائم کی ہے اور پوری آب و تاب سے ادبی افق پر جلوہ گر ہیں ۔
۔ اب ان کی نئی مرتبہ کتاب " اعجاز احمد بٹ (بحثیت افسانہ نگار)" شائع ہوئی ہے جس میں انہوں نے خواجہ صاحب کے فکر و فن پر مختلف رسائل اور اخبارات میں شائع ہونے والے مضامین شامل کیے ہیں ۔ اس کتاب میں ذوالفقار حسن کا ایک مضمون بھی شامل ہے اور اس کتاب کا دیباچہ بھی انہوں نے ہی لکھا ہے جو خواجہ صاحب کی افسانہ نگاری کو سمجھنے کے لئے بہت اہم ہے ۔انہوں نے اس کتاب میں خواجہ اعجاز احمد بٹ کے افسانوں کا خوبصورت انتخاب بھی شامل کیا ہے ۔یہ اگرچہ بنیادی طور پر مرتبہ کتاب ہے لیکن مضامین کے انتخاب ' تر تیب اور پیش کش کے انداز سے مرتب کے تنقیدی شعور اور تحقیقی معیار کا بھی پتہ چلتا ہے ۔امید ہے کہ یہ کتاب خواجہ اعجاز احمد بٹ کی افسانہ نگاری پر کام کرنے والے سکالرز ' محققین اور قارئین کے لئے بہت مفید ثابت ہوگی اور ادبی حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھی جائے گی ۔
Comments
Post a Comment